بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات کی تیاریاں شروع، مرکزی تقریب 5 نومبر کو ہوگی

Published On 03 October,2025 09:03 am

ننکانہ صاحب: (ویب ڈیسک) سکھ برادری کے روحانی پیشوا بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، مرکزی تقریب 5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوگی۔

اس حوالے سے متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کی، جبکہ چیئرمین بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال بھی موجود تھے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بھارتی سکھ یاتریوں کو تقریبات میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، تاہم بھارت کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو پاکستان نہیں بھیجے گی۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کہا کہ ہم دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کو خوش آمدید کہیں گے اور انہیں ہر ممکن سکیورٹی اور سفری سہولتیں فراہم کی جائیں گے۔