ایک سال میں موٹرویز، ہائی ویز پر ٹول ٹیکسز میں 101 فیصد اضافہ

Published On 03 October,2025 09:26 am

اسلام آباد: (حریم جدون) ملک بھر میں موٹرویز اور ہائی ویز پر ٹول ٹیکسز میں ایک سال کے دوران 101 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق سال 25-2024 میں ٹول ٹیکس کی مجموعی آمدن 64 ارب 42 کروڑ 38 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی۔

دنیا نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق سال 24-2023 میں ٹول ٹیکس آمدن 32 ارب روپے سے زائد رہی تھی جس میں ہائی ویز سے 17 ارب 75 کروڑ 88 لاکھ جبکہ موٹرویز سے 14 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد ریونیو حاصل ہوا۔

رواں مالی سال 25-2024 میں ہائی ویز سے 34 ارب 42 کروڑ اور موٹرویز سے 29 ارب 99 کروڑ روپے سے زائد آمدن ہوئی۔

صوبائی تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ٹول ٹیکس آمدن 84 فیصد اضافے کے بعد 19 ارب 58 کروڑ روپے، سندھ میں 117 فیصد اضافے سے 11 ارب 37 کروڑ روپے، خیبر پختونخوا میں 92 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب 38 کروڑ روپے جبکہ بلوچستان میں 81 فیصد اضافے سے آمدن ایک ارب روپے سے زائد رہی۔

دستاویز کے مطابق سرکاری اداروں، ایمبولینسز، پولیس اور فائر بریگیڈ گاڑیوں کو ٹول ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے۔