اسلام آباد:(دنیا نیوز) قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں دوبارہ شروع ہوگا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا، وقفہ سوالات، توجہ دلائو نوٹسز ایجنڈے کا حصہ ہیں، غربی پاکستان محصول موٹر گاڑیاں ایکٹ 1958 میں مزید ترمیم کا بل 2025 پیش کیا جائے گا۔
ایجنڈے کے مطابق اندرون ملک پروازوں کی بار بار اور اچانک منسوخی کے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس، مقامی حکومت ایکٹ 2015 میں دوسری ترمیم کا بل 2025 بھی ایجنڈے کا حصہ ہے جب کہ ورچوئل اثاثہ جات آرڈیننس 2025 میں مزید 120 دن کی توسیع کی قرارداد پیش کی جائے گی۔
اِسی طرح فرنٹیئر کانسٹیبلری تنظیم نو آرڈیننس 2025 میں مزید 120 دن کی توسیع کی قرارداد بھی ایجنڈے میں شامل ہے اور موٹرگاڑیوں کی صنعت کی ترقی کے بل 2025 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے گی۔
ایجنڈے میں اسلام آباد کے نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کے ہوش رُبا چارجز کے متعلق توجہ دلائو نوٹس بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے صدر کے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پیش کی جائے گی۔