اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اردن کے دارالحکومت عمّان میں موجود اپنے سفارت خانے کے ذریعے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی بحفاظت واپسی کے لیے انتھک کوششیں کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ برادر ملک اردن کی حکومت کے قیمتی تعاون سے ہمیں امید ہے کہ یہ عمل آئندہ چند روز میں کامیابی سے مکمل ہو جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم اردن کی برادر حکومت کے مثالی تعاون اور فراخدلانہ حمایت پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان غزہ کی طرف جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے میں سوار تھے، اسرائیلی فورسز نے حملہ کرکے مشتاق احمد سمیت بیشتر افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔
قافلے میں شامل 170 افراد کو رہا کر دیا گیا ہے جبکہ آج بھی گریٹا تھن برگ سمیت 70 افراد رہا کیے جائیں گے تاہم مشتاق احمد سمیت دیگر افراد اب بھی اسرائیلی حراست میں ہیں۔