سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت نے بھاری تنخواہوں اور مراعات کا نوٹس لے لیا

Published On 06 October,2025 10:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت نے بھاری تنخواہوں اور مراعات کا نوٹس لے لیا۔

کچھ سرکاری محکموں کے سی ای اوز کی تنخواہوں میں مختصر مدت میں دوگنا سے زائد اضافہ ہوا، نیشنل انشورنس کمپنی کے سی ای او کو ماہانہ 30 لاکھ روپے تنخواہ دینے کا انکشاف ہوا ہے۔

دستاویز کے مطابق چیئرمین سٹیٹ لائف انشورنس کی ماہانہ گراس سیلری بھی 30 لاکھ سے زائد ہے۔

انوشہ رحمان نے کہا کہ بھاری تنخواہوں کے ساتھ افسران کو دس، دس بونس الگ دیئے جاتے ہیں، بونس کی ادائیگی کارکردگی اور ٹارگٹ پورے کرنے سے مشروط ہونی چاہئے۔

وزارت تجارت کے مطابق دو گاڑیاں، دو سکیورٹی گارڈز، کلب ممبر شپ جیسی مراعات الگ ہیں، 500 لٹر پٹرول، مفت فیملی میڈیکل، گروپ انشورنس، موبائل فون، لیپ ٹاپ کی سہولت بھی ہے۔

کمیٹی چیئرپرسن نے کہا کہ پانچ لاکھ پر بھرتی کے چھ ماہ بعد افسران کی تنخواہ دوگنا کر دی جاتی ہے، اگر تیس لاکھ تنخواہ دینی ہے تو اشتہار میں اس کا ذکر بھی ہونا چاہئے۔

اس موقع پر بریفنگ دی گئی کہ این آئی سی ایل کے سابق سی ای او کی یکم جنوری 2022 کو تنخواہ 15 لاکھ تھی، سال 2023 میں 20 لاکھ، 2024 میں 24 لاکھ، سال 2025 میں 28 لاکھ 80 ہزار کردی گئی۔