وزیراعلیٰ کوئی ماتحت افسر نہیں، گورنر کواستعفیٰ کی منظوری دینی ہوگی: سلمان اکرم راجہ

Published On 11 October,2025 07:59 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہوزیراعلیٰ کوئی ماتحت افسر نہیں،گورنر کواستعفیٰ کی منظوری دینی ہوگی۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے جرگہ ہال میں صوبائی وزیر قانون کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ اجلاس کا شیڈول سپیکر صوبائی اسمبلی جاری کریں گے،  پیر 13 اکتوبر کو خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوگا جس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ آرٹیکل 130 شق 8 کے تحت وزیراعلیٰ کو صرف استعفیٰ دینا ہے جس کی منظوری اور نوٹیفکیشن کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی کیوں کہ آرٹیکل130شق 8میں استعفیٰ کی منظوری کا کوئی تذکرہ نہیں بلکہ جیسے ہی کوئی آئینی عہدیدار استعفیٰ دیتا ہے تو وہ منظور شدہ تصور ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ گورنر کا کوئی ماتحت افسر نہیں کہ گورنر کو استعفیٰ کی منظوری دینی ہوگی۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ پیر کو خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوگا جس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب ہوگا جس کا شیڈول سپیکر صوبائی اسمبلی جاری کریں گے، سہیل آفریدی پرعزم نوجوان ہیں جو صوبے کو نئے جذبہ کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے لیےکوئی نرم گوشہ نہیں رکھتے بلکہ ہم دعا کرتے ہیں کہ اس صوبے میں خون ریزی کا خاتمہ ہوجائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نامزد وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں نئی کابینہ تشکیل دیں گے جس میں تسلسل بھی ہوگا اور نئے چہرے بھی شامل ہوں گے۔