افغانستان کو بھی بھارت کی طرح منہ توڑ جواب دیا جائےگا: وفاقی وزیر داخلہ

Published On 12 October,2025 09:00 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افغانستان کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی پر زور مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ افغان فورسز کی شہری آبادی پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، پاکستان کی بہادر فورسز نے فوری مؤثر جواب دے کر ثابت کیا ہےکہ کسی بھی اشتعال انگیزی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فورسز چوکس ہیں اور افغانستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جا رہا ہے، افغانستان آگ و خون کا جو کھیل کھیل رہا ہے اس کے تانے بانے ہمارے ازلی دشمن سے ملتے ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، افغانستان کو بھی بھارت کی طرح منہ توڑ جواب دیا جائے گا کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ کی طرف دیکھنے کی جرات نہیں کر سکےگا۔