افغانستان کو پاکستان کی 44 سالہ خدمات کو تسلیم کرنا چاہیے: حنیف عباسی

Published On 12 October,2025 10:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) افغانستان کی اشتعال انگیزی کے جواب میں پاک فوج کی کامیاب جوابی کارروائی پر وزیر ریلوے نے خراجِ تحسین پیش کیا۔

اپنے بیان میں وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے، ہمارے محافظوں نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ ملک کی حفاظت محفوظ ہاتھوں میں ہے، کسی ملک کو پاکستان کی سلامتی پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کو پاکستان کی 44 سالہ خدمات کو تسلیم کرنا چاہیے، افغانستان کی جانب سے کی جانے والی اشتعال انگیزی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان ملک کے چپے چپے کی حفاظت پر مامور ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، پاکستان اُن ممالک میں سے نہیں جو اپنی سرحدوں پر سمجھوتہ کر لیں، پاکستان نے ہمیشہ امن اور بھائی چارے کو ترجیح دی ہے، اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو جواب ضرور دیا جائے گا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ امن کی خواہش کمزوری نہیں، طاقت کی علامت ہے، وطنِ عزیز کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے جائیں گے، قوم اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر کرتی ہے۔