راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ، جلوسوں، ریلیوں، مظاہروں پر پابندی

Published On 13 October,2025 07:01 pm

‎راولپنڈی: (دنیا نیوز) ڈویژن کے تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، ‎صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں راولپنڈی ڈویژن میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا۔

‎دفعہ 144 کا نفاذ موجودہ امن و امان کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا، ‎راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع میں ہر قسم کے سیاسی، مذہبی یا سماجی اجتماعات، دھرنوں، جلسوں، جلوسوں، ریلیوں، مظاہروں اور احتجاجی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

‎یہ اقدام عوام کی جان و مال کے تحفظ، شہریوں کے سکون اور امن عامہ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، ‎پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے یا قانون شکنی سے نمٹنے کے لیے ہر وقت مستعد اور تیار ہیں۔

‎تمام ادارے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مربوط انداز میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے فرائض انجام دے رہے ہیں، عوام الناس سے گزارش ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔

‎قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، ‎خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں گرفتاری، مقدمات کے اندراج اور دیگر قانونی سزائیں شامل ہو سکتی ہیں۔

محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کا کہنا ہے کہ ‎عوام ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، افواہوں پر کان نہ دھریں، ‎کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا ضلعی کنٹرول روم کو دیں۔