حکومت نے غربت کے خاتمے کو ترقی کے بنیادی ایجنڈے کے طور پر اپنایا، احسن اقبال

Published On 17 October,2025 06:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے غربت کے خاتمے کو قومی ترقی کے بنیادی ایجنڈے کے طور پر اپنایا ہے۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان کی ترجیحات کا مرکز ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں کوئی شخص محرومی، بھوک یا مایوسی کا شکار نہ ہو، اس مقصد کے لیے ’’اڑان پاکستان‘‘ فریم ورک کے تحت پائیدار ترقی، سماجی انصاف اور خوشحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے۔

وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ جب معیشت کو استحکام ملتا ہے تو اس کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچتے ہیں ، معاشی استحکام سے روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں، آمدنی میں اضافہ ہوتا ہے اور غربت کے بادل چھٹنے لگتے ہیں، حکومت نے اپنی ترقیاتی منصوبہ بندی میں غریب اور کمزور طبقوں کو مرکز نگاہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فنی و تکنیکی مہارتیں فراہم کر کے انہیں باعزت روزگار کے قابل بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ خود کفالت اور عزت نفس کے ساتھ زندگی گزار سکیں، غربت کے خاتمے کی سب سے بڑی کنجی تعلیم اور ہنر ہے، حکومت نالج اکانومی پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کے لئے ہنرمندی، اختراع اور روزگار کے نئے دروازے کھول رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو کے تحت صنعتی اور زرعی شعبے کی ترقی پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ معیشت میں پیداوار، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایسا پاکستان تعمیر کر رہی ہے جہاں ہر شخص کو باعزت روزگار، معیاری تعلیم، بہتر صحت اور محفوظ مستقبل حاصل ہو،’’اڑان پاکستان‘‘ وژن کے ذریعے ہم سب مل کر ایک خوشحال، مضبوط اور باوقار پاکستان کی تعمیر کریں گے۔