صدر مملکت کی بہتر حکمت عملی، کچہ ایریا کے درجنوں مبینہ ڈاکو ہتھیار ڈالنے کو تیار

Published On 20 October,2025 09:34 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری کی سندھ کے کچہ ایریا میں قیام امن سے متعلق اجلاس کے نتائج آنا شروع ہو گئے، جرائم میں ملوث درجنوں مبینہ ملزمان، ڈاکو سرینڈر کرنے کو تیار ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق مبینہ ڈاکو ہتھیار ڈالنے اور مجرمانہ سرگرمیوں سے کنارہ کشی کو تیار ہوئے ہیں، سندھ کابینہ نے رواں ماہ ہی مجرمانہ سرگرمیاں ترک کرنے والے ڈاکوؤں کے لیے پالیسی کی منظوری دی تھی۔

پہلے مرحلے میں لاڑکانو ڈویژن کے کچہ ایریا کے مبینہ ڈاکو سرینڈر کو تیار ہوئے ہیں، سرینڈر کرنے والوں میں خطرناک مبینہ ڈاکو بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ہتھیار ڈالنے والےڈاکوؤں میں کچھ کے سر کی قیمت بھی مقرر تھی، غیر مسلح ہونے والے مبینہ ڈاکوؤں کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

پہلے مرحلےمیں 45 سے زائد ڈاکو ہتھیار ڈالنے کو تیار ہیں، حکومت ہتھیار ڈالنے والےڈاکوؤں کے بچوں، اہل خانہ کے لیے باعزت روزگار کا انتظام کرے گی۔

سرینڈر کرنے والے مبینہ ڈاکوؤں کے اہل خانہ کو آسان قرضے، کاروبار، آمدن کے زرائع دیئے جائیں گے، پالیسی کے مطابق سندھ حکومت کچہ ایریا میں صحت، تعلیم، بنیادی انفراسٹرکچر کے لیے ترجیحی کام کرے گی۔