اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کیخلاف انکوائری کی تفصیلی رپورٹ اگلے ہفتے طلب کر لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے علیمہ خان کی ایف آئی اے نوٹسز کیخلاف کیس کی سماعت کی، علیمہ خان کی جانب سے وکیل شاہینا شہاب الدین پیش ہوئیں۔
سماعت کے آغاز پر جسٹس انعام امین منہاس نے استفسار کیا کہ تفصیلی رپورٹ جمع کرانی تھی کہاں ہے؟ جس پر ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ابھی انکوائری چل رہی ہے رپورٹ جمع کرانے سے متعلق نہیں بتایا گیا۔
عدالت نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے جو انکوائری کر رہی ہے اسکی تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں۔
بعدازاں عدالت نے علیمہ خان کے خلاف انکوائری کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔