نوشکی: نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

Published On 22 October,2025 01:22 pm

نوشکی: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے غریب آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہلکار معمول کے گشت پر تھے اور اچانک فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔

پولیس افسران نے بتایا کہ غریب آباد کے علاقے میں مسلح افراد نے اہلکاروں کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے سپاہی رزاق اور سپاہی عبداللہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ممکنہ طور پر دہشت گردی یا ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے تاہم تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔

پولیس افسران کا کہنا ہے کہ علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، سکیورٹی فورسز نے اضافی نفری بھی تعینات کر دی ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔