وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر مختصر دھرنے کے بعد واپس روانہ

Published On 23 October,2025 04:32 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر مختصر دھرنا دینے کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔

دھرنے میں پی ٹی آئی رہنماؤں جنیداکبر، مینا خان آفریدی، ڈاکٹر شفقت ایاز، رانا فراز نون اور دیگر نے شرکت کی، دھرنے کے باعث داہگل ناکے پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ میں یہاں اپنے لیڈر سے پالیسی لینے آیا ہوں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ میں نے تمام قانونی راستے اپنائے ہیں، میں کل سے عوام میں جا رہا ہوں، پھر عوام نے فیصلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے وزیراعلیٰ بنا ہوں مجھے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، عدالتی احکامات کے باوجود ہمیں آج اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دیا گیا، اپنے لیڈر سے رہنمائی لینی ہے اس لئے ملاقات کرنا ضروری ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کو ملاقات کیلئے لکھا ہے، عدالتوں میں بھی گئے لیکن کوئی نہیں سن رہا، سوچنا پڑے گا ملک کس طرف جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا اب عوام کی عدالت میں جاؤں گا،پارٹی کی طرف سے جو بھی ہدایات آئیں گی اس پر عمل کروں گا، حکمت عملی ایک ہی ہے بانی کی اجازت کے بغیر کابینہ تشکیل نہیں پائے گی۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بحیثیت وزیراعلیٰ عوام کیلئے کام کرنا میرا فرض ہے، جلسے جلوس کرنا پارٹی کا کام ہے، عزت اور وقار کے ساتھ افغان بھائیوں کو واپس بھیجیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی واپس روانہ ہو گئے۔