وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا گاڑیاں واپس کرنے کا فیصلہ غیر سنجیدہ ہے : طلال چودھری

Published On 20 October,2025 09:22 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیرمملکت برائےداخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا گاڑیاں واپس کرنے کا فیصلہ غیر سنجیدہ ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت 600 ارب روپے کا آج تک حساب نہیں دے سکی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے گاڑیاں واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے عالمی معیار کی بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی گئیں، سکیورٹی فورسز کے جوان پہلے ہی ایسی گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں، بلٹ پروف گاڑیاں دہشت گردی کےخلاف آپریشنز میں استعمال کی جاتی ہیں۔

وزیرمملکت برائےداخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنےکا فیصلہ انتہائی افسوس ناک ہے، سہیل آفریدی غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، بلٹ پروف گاڑیاں پولیس جوانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے دی گئی تھی، گاڑیاں نہ لینا نالائقی اور بچگانہ فیصلہ ہے۔

طلال چودھری نے کہا کہ نابالغ اوربچگانہ سوچ نےافسران اور جوانوں کے لیے خطرات بڑھا دیے ہیں، صوبائی حکومت نے پولیس جوانوں کودہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑدیا ہے، خیبرپختونخوا کی پولیس دہشت گردی کےخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بلٹ پروف جیکٹس،رات کو دیکھنے والے آلات بھی فراہم کیے گئے ہیں، وفاقی حکومت خیبرپختونخوا پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنا چاہتی ہے، دہشت گردی کو ختم کرکےدم لیں گے۔