پشاور: (عامر جمیل) خیبرپختونخوا میں نئی کابینہ کی تشکیل کے سلسلے میں اہم مشاورتوں کا سلسلہ جاری ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر سابق وزراء کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پختون یار اور سجاد بارکوال کو کابینہ میں شامل کرنے کے لیے سہیل آفریدی کے ساتھ مسلسل رابطے کیے جا رہے ہیں جبکہ کے پی ہاؤس اسلام آباد میں رات گئے تک پارٹی کے اہم رہنماؤں نے سہیل آفریدی سے تفصیلی ملاقاتیں بھی کیں۔
مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی بھی سہیل آفریدی سے کابینہ کی تشکیل سے متعلق تین ملاقاتیں ہو چکی ہیں، پارٹی کے بعض حلقے تیمور سلیم جھگڑا کو وزارتِ صحت کے بجائے مشیر خزانہ بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ادھر پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر سمیت کئی رہنماؤں نے بیرسٹر سیف کو کابینہ میں شامل کرنے پر اعتراض اٹھایا ہے، پارٹی کے سینئر حلقوں نے سہیل آفریدی کو تجویز دی ہے کہ کابینہ کی تشکیل کے عمل میں سینئر رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ تنظیمی ہم آہنگی برقرار رہے۔