خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی اجازت مگرایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے: طلال چودھری

Published On 21 October,2025 04:28 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ آئینی طور پر خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی اجازت تو ہے مگرایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے۔

وفاقی داراحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نےخلوص دِل کےساتھ بلٹ پروف گاڑیاں دیں، اِس معاملےکو سیاست کی نذر کر دیا گیا، اِن فیصلوں کی ایک وجہ یہ ہوسکتی ہے، دہشت گردوں کے خلاف لڑنا نہیں چاہتے۔

اُنہوں نے کہا کہ سہیل بزدارکوسوچ سمجھ کرلگایا گیا ہے، ایسےکم عقل اوربچگانہ سوچ والےکو وزیراعلیٰ بنایا گیا،اگربلٹ پروف پسند نہیں آئیں تووزیراعلیٰ پولیس کواپنی بلٹ پروف گاڑی دیدیں۔

وزیر مملکت داخلہ کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 148کےتحت صوبائی حکومت فیصلوں میں آزاد نہیں ہے، دہشت گردی کےخلاف جنگ پورے پاکستان کی جنگ ہے، وزیراعلیٰ بدلنےسےجنگ نہیں رکےگی۔

طلال چودھری نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پرخیبرپختونخوا پولیس کےلیےگاڑیاں دی گئیں، وفاقی حکومت نےمالی مشکلات کےباوجود خیبرپختونخوا پولیس کےلیےجدید گاڑیاں فراہم کیں، خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردوں کےخلاف کوئی اقدام کرنےسےقاصرہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس بچگانہ فیصلے سے کسی کی قیمتی جان جا سکتی ہے،گر کوئی قیمتی جان ضائع ہوتی ہے تو اس کے ذمہ دار آپ ہوں گے، خیبرپختونخوا حکومت کےانسداد دہشت گردی کےلیےاقدامات نظرنہیں آئے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا دہشت گردی کےخلاف غیرسنجیدہ نظرآتے ہیں، صوبائی حکومت نےپولیس کےبہادرجوانوں کودہشت گردوں کےرحم وکرم پرچھوڑدیا ہے۔

طلال چودھری کا کہنا تھا کہ سعد رضوی کی تجوری سے69اعلیٰ برانڈ کی گھڑیاں ملی ہیں، 100اکاؤنٹ ان کی قیادت کےزیرِاستعمال تھے، بینکوں سےسود کی مد میں کروڑوں روپے لے رہے تھے، ٹی ایل پی انتہا پسندانہ سوچ کی حامل جماعت ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان انتشار اور فساد کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، آئینی طورپر گورنر راج کی اجازت تو ہے مگرایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے، خیبرپختونخوا حکومت کو اپنے شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنانا چاہیے۔