ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ٹریفک کے دو حادثات میں کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔
حافظ آباد روڈ پر نوکھر کے قریب قلعہ دیوان سنگھ کے مقام پر المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرک نے کیری ڈبہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ نسرین، 45 سالہ رخسانہ، 13 سالہ بچہ اذان، 60 سالہ امجد پرویز اور 25 سالہ جبران شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں انجم، آمنہ، مجیداں بی بی اور شبنم شامل ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری طرف ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایم تھری موٹروے پر رجانہ انٹرچینج کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں ڈالہ گاڑی سبزی سے لدے مزدے سے ٹکرا کر الٹ گئی، حادثے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق، 11 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 ننے بروقت پہنچ کر تمام زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کر دیا، جاں بحق افراد میں ایک سالہ بچہ بھی شامل جبکہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ کلئیر کر دی، حادثے کی ابتدائی وجہ تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے، شمیم ، ثمینہ اور ایک سالہ بچہ حبیب جاں بحق ہوئے۔



