نوشہرہ ورکاں :(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی صرف مڈل مین کی ہو رہی ہے، ہمیں اپنا حق چھیننا پڑے گا۔
پنجاب کے علاقے نوشہرہ ورکاں میں ’کسان بچاؤ پاکستان بچاؤ ‘کارواں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں آپ نے ظلم کے اس دور میں یہ پنڈال سجایا۔
اُنہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی وہ جماعت ہے جسے اپنی اولاد کے لیے کچھ نہیں چاہیے، یہ احتجاجی مارچ بستی بستی سے ہوتا ہوا یہاں پہنچا ہے، زراعت کا شعبہ حکومت کی نالائقیوں کا شکار ہو چکا ہے، کسان نے گزشتہ سال اپنی گندم اونے پونے دواموں فروخت کی ۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چھوٹے چھوٹے کسان ہیں بڑے زمین دار کم ہیں، عوام کے لیے گندم مہنگی کر دی گئی، کسان سے 2000 روپے میں خریدی پیسے کون کھا رہا ہے، پاکستان میں زرعی شعبہ ترقی کر رہا تھا جسے پنجاب حکومت نے تباہ کردیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مریم نواز ترقی کہاں ہو رہی ہے ؟ ترقی صرف مڈل مین کی ہو رہی ہے، ہمیں اپنا حق چھیننا پڑے گااور جماعت اسلامی آپ کے شانہ بشانہ ہے ،مینار پاکستان سے تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ 25 ہزار سکول حکومت نے پرائیویٹ کر دیے ہیں، جوکسانوں کے لیے ظلم ہے، ہمارے بچوں کو بھی ایسے پڑھایا جائے جس طرح امیروں کے بچوں کو پڑھایا جاتا ہے ، ایک ملک میں ایک تعلیم کا نظام ہو گا دو نہیں ہونے چاہئیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لا الہ الااللہ کے نام پر ملک بنایا ہے جس کا مطلب عدل کا نظام ہے، اس تحریک میں ہمارے ساتھ چلیں اللہ نے عوام کو بڑی طاقت دی ہے، کیا کچہری اور تھانوں میں آپ کو انصاف ملتا ہے؟
حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی اگر آپ کی زمین پر قبضہ کر لے تو کیا آپ کو وہ زمین ملے گی، ہمارے ملک میں جو نظام چل رہا ہے یہ ظلم کا نظام ہے اسے بدلنا پڑے گا۔



