صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ کھلی دہشت گردی ہے: حافظ نعیم الرحمٰن

Published On 02 October,2025 09:15 am

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے "ایک اور کھلی دہشت گردی" قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ایک طرف غزہ میں قحط، فاقے، بھوک اور بہتا ہوا انسانی خون ہے جبکہ دوسری جانب دنیا کے مختلف خطوں سے پرامن افراد محصور فلسطینیوں کے لیے امداد لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ امریکا جو خود کو امن کا پیامبر کہتا ہے وہ اپنے "لاڈلے" اسرائیل کو اس بات کی بھی اجازت نہیں دیتا کہ اہل غزہ تک تھوڑا سا امدادی سامان پہنچ سکے۔

امیر جماعت اسلامی نے سوال اٹھایا کہ کیا یہی انسانیت، جمہوریت، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون ہے جس کا دنیا بھر میں دعویٰ کیا جاتا ہے؟