کراچی:(دنیا نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ تین سال میں ہماری غربت میں 7فیصد اضافہ ہوا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق آخری تین سال میں غربت کی شرح 18.3 سے بڑھ کے 25.3 ہوگئی،یعنی غربت میں سات فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام غربت کے خاتمے کے نام پر جاری ہے، ہزاروں ارب سالانہ کا یہ پروگرام بے ضابطگیوں اور وڈیرہ شاہی کرپشن سے بھرا ہوا ہے،حقیقت یہ ہے کہ پاکستان میں غربت کم ہونے کے بجائے بڑھ گئی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور حکومتی پارٹیاں شور نہ مچائیں ، سچ کو تسلیم کریں، 17 سال میں اگر یہی ہزاروں ارب نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم پر خرچ کیے جاتے تو ملک میں بہت بڑا انقلاب آجاتا۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ ملک میں غربت کی شرح بڑھنے کے بجائے کم ہونی چاہیے، عوام کو خیرات نہیں حق دیا جائے۔