اسرائیل کے مقابلہ کیلئے وسیع ترحکمت عملی بنانا ہوگی: حافظ نعیم الرحمان

Published On 12 October,2025 07:49 pm

پشاور:(دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے لیے وسیع ترحکمت عملی بنانا ہو گی۔

خیبر پختونخوا کے ضلع پشاور میں غزہ مارچ کےشرکا سےخطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ غزہ کے ہسپتال، سکولوں کو ملیامیٹ کر دیا گیا، فلسطینی بھائیوں نے اسرائیلی دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ فلسطینیوں نےدوسال سےاسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کیا، آج بھی پورا فلسطین حماس کےساتھ کھڑا ہے، طاقت کے ذریعے اسرائیل اپنا ایک قیدی بھی رہا نہیں کروا سکا، غزہ میں سیزفائر حماس،اہل غزہ کی کامیابی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ امریکا دنیا میں انسانی حقوق کا چیمپئن بنتا ہے، ٹرمپ نے دوسال میں اسرائیل کو21بلین ڈالر کا اسلحہ فراہم کیا، حماس کےمجاہدین نے امریکا کو بےنقاب کیا ہے،غزہ کےبچے، بچیوں کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگرمسلم حکمران اکٹھےہوکرنیتن یاہوکوپیغام دیتےتوجنگ بندی دوسال پہلےہوجاتی،یہ مسلم حکمرانوں کی کمزوری ہے،اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے لیے وسیع ترحکمت عملی بنانا ہوگی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی آرمی ایک پروفیشنل آرمی ہے،پاکستان کواپنےمقام کوسمجھنا ہوگا، ہم کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے نا کسی کویہ جرأت کرنے دیں گے۔