فیصل آباد:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تعلیم ہمارا حق ہے، سب کےلیے یکساں نصاب ہونا چاہیے۔
پنجاب کے شہر فیصل آباد کی کریسنٹ گراؤنڈ میں ’بنو قابل پروگرام‘ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اس قوم کو متحد کرکے پاکستان کو اس قابل بنائیں گے کے دنیا کو لیڈ کر سکے۔
اُنہوں نے کہا کہ پانچ سے سولہ سال کے دو کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، صرف پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں،سرکاری سکولوں کا معیار تعلیم گرا کر 17 ہزار سکولوں کو آؤٹ سورس کردیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ تعلیم ہمارا حق ہے، سب کےلیے یکساں نصاب ہونا چاہیے، کہاں گیا پڑھا لکھا پنجاب، لوگوں کو جاہل بنانے والے انہیں کیسے پڑھائیں گے،ہم فیصل آباد میں ڈگری پروگرام شروع کروائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ ہمارے اقدامات سے آئی ٹی ایکسپورٹ میں چار ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا،نوجوان پاکستان سے مایوس نہ ہوں یہ عظیم ملک ہے،21 نومبر کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں بڑا اجتماع ہوگا۔