لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں جدت سے بھرپور تفریحی مقام بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔
وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت پی ایچ اے لاہور میں اجلاس ہوا، اجلاس میں شہر لاہور کی تاریخی کامران بارہ دری کے توسیعی منصوبہ بارے سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور ڈی جی پی ایچ اے نے منصور احمد نے منصوبے کے خدوخال بارے تفصیلی آگاہ کیا۔
کامران بارہ دری کا رقبہ 5 ایکڑ سے بڑھا کر 15 ایکڑ اور پراجیکٹ تکمیل کیلئے ابتدائی تخمینے کی سفارشات تیار کی گئی ہیں۔
بلال یاسین نے بتایا کہ تفریحی مقام پر لکڑی سے بنائے گئے راوی شو ریسٹورنٹ ، آٹریم ڈائننگ، شپ ڈائننگ،سکائی ڈائننگ اور بیکری کی سہولیات میسر ہوں گی۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق گالف کورٹ، واک ویز، بگھی ٹریک، فاؤنٹینز، پلے ایریا اور سیلفی پوائنٹس بھی مختص کیے جائیں گے۔
بلال یاسین کے مطابق چہار باغ، سجاوٹی روشنیوں کی تنصیب اور 2 ایکڑ پر پارکنگ ایریا بنایا جائے گا۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی منظوری کے بعد منصوبے کو وزیر اعلیٰ ہاؤس بھجوا دیا گیا۔



