صدر مملکت، وزیراعظم کا عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہار افسوس، خراج عقیدت پیش

Published On 11 November,2025 01:38 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عرفان صدیقی نہایت شفیق انسان تھے، عرفان صدیقی نے علم، برداشت، سنجیدگی اور دلیل کو ہمیشہ اپنی تحریر اور شخصیت کا محور بنایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک سنجیدہ مفکر، معلم اور اصول پسند دانشور سے محروم ہوگیا ہے، عرفان صدیقی نے علم، برداشت، سنجیدگی اور دلیل کو ہمیشہ اپنی تحریر اور شخصیت کا محور بنائے رکھاا۔

شہبازشریف نے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن کے ایک اہم رکن اور ہمارے قریبی ساتھی تھے، بولے میاں نواز شریف اور جماعت کے وفادار ساتھیوں میں ان کا شمار ہوتا تھا، عرفان صدیقی کی جماعت کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ان کی علمی خدمات اور قومی بصیرت آئندہ نسلوں کے لئے مشعلِ راہ رہے گی۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینیٹرعرفان صدیقی گزشتہ روز انتقال کرگئے، دو ہفتے سے اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے، وہ سینیٹ میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈرتھے،عرفان صدیقی کا شمار نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔