ظالم خوارج معصوم بچوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں: کیڈٹ کالج کے طلباء کے والدین پھٹ پڑے

Published On 11 November,2025 03:29 am

وانا: (دنیا نیوز) کیڈیٹ کالج کے طلبا کے والدین نے کہا کہ ظالم خوارج معصوم بچوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔

کیڈٹ کالج وانا میں پڑھنے والے بچوں کے والدین نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ خوارج کا تعلق انسانیت سے نہ ہی دین سے، یہ صرف تباہی چاہتے ہیں، ہم محسود، وزیر اور پورا علاقہ سب ایک ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو اپنے علاقوں میں داخل نہیں ہونے دیں گے، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خوارج کے حملے کو ناکام بنایا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا کیڈٹ کالج پر حملہ ناکام بناتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ بھارتی حمایت یافتہ گروہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کیا،حملہ آوروں نے کالج کے حفاظتی حصار کو توڑنے کی کوشش کی، تاہم فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے ان کے شر انگیز منصوبے ناکام بنا دیے۔

شدت پسندی میں ملوث دہشتگردوں نے دھماکا خیز گاڑی کے ذریعے مرکزی گیٹ پر دھاوا بولنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں گیٹ منہدم ہوا اور قریبی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا تھا۔