اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی اسلام آباد میں سینیٹر عرفان صدیقی کی رہائش گاہ گئے، نواز شریف نے عرفان صدیقی کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
صدر مسلم لیگ ن نوازشریف نے عرفان صدیقی کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا، انہوں نے کہاعرفان صدیقی کی وفات میرے لئے بہت گہرا اور بڑا صدمہ ہے، قریبی بھائی کی وفات پر اپنا دکھ بیان نہیں کر سکتا۔
عرفان صدیقی مرحوم کیلئے سینیٹ میں بھی تعزیتی اجلاس ہوا، مولانا عبد الواسع نے دعا کرائی، عرفان صدیقی کی یاد میں تعزیتی قرارداد متفقہ طور پر پاس کی گئی، عرفان صدیقی کی علمی سیاسی و صحافتی خدمات کو سراہا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا آج کے دور میں عرفان صدیقی جیسی شخصیات نایاب ہیں، رانا ثنا اللہ بولے عرفان صدیقی ایک بڑی شخصیت اور عظیم انسان تھے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا مرحوم کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا سینیٹر عرفان صدیقی ایک نیک دل انسان تھے، سینیٹر ایمل ولی بولے عرفان صدیقی حقیقت میں ایک استاد کا کردار تھے، دیگر سینیٹرز نے بھی عرفان صدیقی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔



