ایک سال کے دوران بلوچستان کے ہائر ایجوکیشن سیکٹر میں اہم سنگ میل عبور

Published On 14 November,2025 07:28 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) گورنر بلو چستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ایک سال کے دوران بلوچستان کے ہائر ایجوکیشن سیکٹر میں اہم سنگ میل عبور کیا گیا ہے۔

شیخ جعفر خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ صوبے کی تقریباً تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کی رینکنگ ڈبل ہوگئی ہے، بیوٹمز یونیورسٹی کا سکور 80، ویمن یونیورسٹی کا 37 سے 67 پر پہنچا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان کے سکور کو 44 سے بڑھا کر 76 پر پہنچا دیا ہے، 25 برس بعد جامعہ بلوچستان کو بحرانوں کے چنگل سے مکمل طور پر نکال دیا گیا۔

شیخ جعفر مندوخیل کا کہنا تھا کہ جامعہ بلوچستان کو سولر انرجی پر منتقل کر کے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کی بچت کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ رواں سال کے دوران دو انٹرنیشنل سیمینارز یونیورسٹی کے احاطے میں منعقد کروائے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ سیلف فنانس اکاؤنٹس یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار سینٹرلائزڈ کر دیئے گئے ہیں، اینول آپریشن کاسٹ میں پہلی مرتبہ 150 ملین روپے کی کمی لانے میں کامیابی حاصل کی۔

جعفر مندوخیل نے کہا کہ پٹرول کے اخراجات میں 38 لاکھ سے 35 لاکھ تک نمایاں کمی لائی جا چکی ہے، یونیورسٹی آف بلوچستان کی گورننس کو مضبوط کیا گیا ہے۔