وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے طلبہ میں سکالر شپس چیک تقسیم کر دیئے

Published On 17 November,2025 06:22 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے طلبہ میں سکالرشپش چیک تقسیم کر دیئے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں طلبہ کو سکالرشپس دینے کی تقریب ہوئی، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے رواں سال کے لیے 347 طلبہ میں 64 ملین روپے مالیت کے سکالرشپس چیکس تقسیم کیے۔

چیکس صوبائی حکومت کی جانب سے انڈر گریجویٹ، گریجویٹ طلبہ میں تقسیم کیے گئے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لیے 300 ملین روپے اضافی فنڈز کا اعلان بھی کیا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ سکالرشپس کی فراہمی سے صوبے کے متوسط اور کمزور طبقے کو یکساں اور بہتر تعلیمی مواقع فراہم کر رہے ہیں، طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں، کل انہوں نے ملک و صوبے کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم نے اپنے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنی ہے، معیاری تعلیم اور بہتر صحت سہولیات ہماری اولین ترجیح ہیں، تعلیمی نظام میں مارکیٹ سے ہم آہنگ مضامین متعارف کرانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ طلبہ فارغ التحصیل ہوتے ہی نہ صرف نوکری حاصل کریں بلکہ روزگار فراہم کرنے کے قابل بنیں۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ طلبہ کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کر رہے ہیں تاکہ وہ بے روزگار نہ بیٹھیں، عمران خان کے وژن کے مطابق ہماری تمام پالیسیاں عوام کے لیے ہوں گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم صوبے میں گورننس کو بہتر اور اچھے طریقے سے ڈلیور کر کے دکھائیں گے۔