وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو ہٹانے کا فیصلہ ہوا، دوستین ڈومکی کا دعویٰ

Published On 19 November,2025 09:47 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سینیٹر میر دوستین خان ڈومکی نے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں بدانتظامی کے باعث سرفراز بگٹی کو وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

دوستین ڈومکی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے مشاورتی عمل شروع کر دیا ہے اور اسمبلی کے اندر ہی تبدیلی لائی جائے گی، سینیٹر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ نیا وزیراعلیٰ بھی پیپلز پارٹی ہی سے ہوگا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے پارلیمانی سیکرٹری لیاقت لہڑی نے بھی بلوچستان کے وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے کہ ایک نیا چہرہ سامنے لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا وزیراعلیٰ مقرر کیا جائے گا جو بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو کیونکہ ارکان کی اکثریت موجودہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی چاہتی ہے۔