قدرتی وسائل بلوچستان کی امانت، معاشی خود کفالت کی جانب اہم قدم ہے: سرفراز بگٹی

Published On 14 October,2025 07:16 pm

کوئٹہ :(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی صوبے کے قدرتی وسائل بلوچستان کی امانت ہیں جو معاشی خود کفالت کی جانب سے اہم قدم ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت سی ایم سیکرٹریٹ میں پی پی ایل اور صوبائی حکومت کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی دستاویزات پر پیش رفت اور سوئی ماسٹر پلان سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان، ایم ڈی پی پی ایل، سیکرٹری توانائی اور دیگر شریک ہوئےجس میں مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد اور سوئی ماسٹر پلان سے متعلق بریفنگ دی۔

شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ صوبے کے قدرتی وسائل بلوچستان کی امانت ہیں، ان وسائل کے فوائد کا براہِ راست اثر صوبے کے عوام خصوصاً اس علاقے کے لوگوں تک پہنچنا چاہیے، کوشش ہے سوئی کے عوام کو بنیادی سہولیات کے منصوبوں میں زیادہ حصہ ملے۔

اُنہوں نے کہا کہ سوئی ماسٹر پلان علاقے کی معاشی خودکفالت کی جانب ایک اہم قدم ہے، منصوبے سے مقامی ترقیاتی ڈھانچے، سماجی سہولیات اور توانائی کے منصوبوں میں ایک جامع حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ حکومت نجی اور سرکاری اداروں کی شراکت داری کے ذریعے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، وسائل کی شفاف تقسیم، مقامی نوجوانوں کی تربیت، اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ پی پی ایل کے اشتراک سے سوئی سمیت پورے بلوچستان میں معاشی اور سماجی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔