کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بلوچستان کے عوام شہداء کے مشن کو سلام پیش کرتے ہیں۔
سرفرار بگٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور آپریشن کے دوران شہادت نوش کرنے والے بہادر افسر میجر سبطین حیدر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے بہادر افسر نے وطنِ عزیز کے دفاع میں جرات و بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم کو اپنے بہادر سپوت پر فخر ہے، شہید ایک بہادر والد کے بہادر بیٹے تھے۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا پاک فوج کے شہداء نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کر کے بہادری کی نئی مثال قائم کی، شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، ان کے خون کے مقروض ہیں۔