کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور محکمہ ماہی گیری میں تاریخی باہمی سمجھوتہ طے پا گیا۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں شاندار تقریب ہوئی، معاہدے کی دستاویزات پر دستخط سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کا نیا دور شروع ہو گیا۔
بلوچستان میں پانچ ارب روپے کی سرمایہ کاری، صوبے کی معیشت کے لیے سنگ میل قرار دے دی گئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وائس پریزیڈنٹ بلال کاکڑ اور ٹیم کو کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرمایہ کاری بلوچستان کا دیرینہ خواب تھا آج عملی تعبیر کی طرف قدم بڑھا ہے، بلوچستان کی ترقی کے لیے عالمی و ملکی ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماہی گیری، زراعت اور مائننگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع دستیاب ہیں، سرمایہ کاری سے صوبے میں ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی معیشت کو سرمایہ کاری سے نئی سمت اور رفتار ملے گی، بلوچستان کو پرامن اور سرمایہ کار دوست صوبہ بنایا جا رہا ہے، ترقی و خوشحالی کا نیا باب کھلے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سرمایہ کاری منصوبے نوجوانوں کے مستقبل کو روشن اور محفوظ بنائیں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزراء، پارلیمانی سیکرٹری فشریز، وائس پریزیڈنٹ بورڈ بلال کاکڑ و اعلیٰ حکام نے معاہدے کی تقریب میں شرکت کی۔