اسحاق ڈار کی دورہ برسلز میں مائیگریشن کمشنر یورپی کمیشن سے ملاقات

Published On 20 November,2025 06:49 pm

برسلز: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار کا دورہ برسلز، یورپی کمیشن کے انٹرنل افیئرز اور مائیگریشن کے کمشنر میگنس برونر کے ساتھ ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران مہارت یافتہ افرادی قوت کی قانونی ہجرت کے فریم ورک کو بہتر بنانے پر بات چیت کی گئی، افرادی قوت کی قانونی ہجرت کو یورپی یونین کے ٹیلنٹ پارٹنرشپ ونڈو کے ذریعے آسان بنانے پر غور کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے حال ہی میں ہونے والے پاکستان یو ای مائیگریشن موبِلِٹی ڈائیلاگ کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔

فریقین نے ہجرت اور افرادی قوت کی موبِلِٹی سے متعلق چیلنجز کو حل کرنے میں بڑھتے ہوئے تعاون پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین کی جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ کوششیں بڑھانے کا عزم کیا گیا۔

ملاقات کے دوران امیگریشن کے بہاؤ کو منظم کرنے اور مہارت یافتہ کارکنوں کیلئے امکانات کو وسعت دینے کا بھی عزم کیا گیا۔