برسلز: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ و سینیٹر محمد اسحاق ڈار یورپی یونین کے نمائندئے اعلیٰ برائے امور خارجہ کایا کالاس کی خصوصی دعوت پر 3 روزہ سرکاری دورے پر برسلز پہنچ گئے۔
برسلز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور سفارت خانہ پاکستان بیلجیئم کے افسران نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ دورہ کے دوران برسلز میں منعقدہ پاکستان-ای یو سٹریٹجک ڈائیلاگ کے 7 ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، چوتھے ای یو انڈو پیسیفک وزارتی فورم میں بھی شریک ہوں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ برسلز میں ’’میری ٹائم سکیورٹی‘‘ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
اس فورم کے موقع پر وزیر خارجہ و سینیٹر اسحاق ڈار کی مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔
امید ہے یہ دورہ برسلز پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دینے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ روس کے دارالحکومت ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے بعد نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار بیلجیئم پہنچے ہیں۔



