کوئٹہ: (دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) اور نیشنل پارٹی کے 11 رہنماؤں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سے پیپلز پارٹی کے رہنماء آغا شکیل احمد درانی کی قیادت میں خضدار سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین نے ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والی تمام شخصیات کو مبارکباد دی اور کہا کہ پارٹی میں باصلاحیت شخصیات کی شمولیت بلوچستان کی سیاسی فضا میں مثبت تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور صوبے کی ترقی کیلئے ہمیشہ صف اول میں رہی ہے، بلوچستان کے تمام اضلاع میں پارٹی کا مضبوط ہونا دراصل صوبے کے سیاسی استحکام کی ضمانت ہے، خضدار سے نئے شامل ہونے والے عمائدین کی شمولیت سے پاکستان پیپلز پارٹی مزید فعال اور منظم ہوگی۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ صوبے میں ترقی، امن و خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی، پارٹی اور حکومت کا مقصد صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے، کوشش ہے کہ ایک مضبوط، پرامن اور ترقی یافتہ بلوچستان کی بنیاد رکھی جائے۔



