مظفر آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ کابینہ اراکین کے تعاون سے چیزوں کو مثبت سمت لیکر آگے بڑھیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی سربراہی میں پہلا کابینہ اجلاس ہوا، فیصل ممتاز راٹھور نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مظفرآباد آمد کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایک لمحہ ضائع کیے بغیر جلد از جلد درست سمت میں آگے بڑھیں، اپنی گڈ گورننس کو عوام کے سامنے رکھیں گے، جو چیزیں گزشتہ حکومت میں التوا کا شکار رہیں ان کو فاسٹ ٹریک کیا جائے گا۔
فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ ہم نے ایسے راستے کا تعین کرنا ہے جو سب کے لیے بہتر ہو، عوام کا اعتماد بحال کرنا ایک چیلنج ہے، گزشتہ حکومت کے اچھے کاموں کو بھی جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزرا کو محکمے الاٹ کر دیئے تاکہ ایک لمحہ بھی ضائع نہ ہو، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔



