اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی آئینی عدالت نے گندم کوٹہ سے متعلق کیس میں اہم حکم جاری کردیا۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں وفاقی آئینی عدالت کے 3 رکنی بنچ نے سندھ حکومت کی اپیل پر سماعت کی جس میں عدالت نے گندم کے کوٹے سے متعلق کیس میں حکم دیا کہ پالیسی بنانا ایگزیکٹو کا کام ہے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے 31 مئی 2023 کے سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر کی تھی۔
سماعت میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ سبطین محمود عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ جو گائیڈ لائنز سندھ ہائی کورٹ نے دیں وہ آئین کے تحت نہیں تھیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور دگل نے عدالت کو بتایا کہ پالیسی بنانے کا اختیار ایگزیکٹو کا ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ پالیسی ایگزیکٹو بنا کر اس کا اعلان کرتے ہیں، بعد ازاں عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سندھ حکومت کی اپیل منظور کر لی۔
یاد رہے کہ فلور مل مالک نے گندم کوٹہ کے حصول کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔



