کوئٹہ: (دنیا نیوز) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کانفرنس ہوئی جس میں صحت و تعلیم کے شعبوں میں عارضی اساتذہ اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تعیناتی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس میں اشیاء خور و نوش کی قیمتوں میں کنٹرول کے حوالے سے اور پلاسٹک بیگز پر پابندی کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ شرکاء کو کھلی کچہریوں کے ذریعے سہولیات کی فراہمی پر بھی بریفنگ دی گئی۔
چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت دستیاب وسائل کے اندر ترقیاتی سکیمیں فراہم کر رہی ہے، انتظامیہ اور ادارے اپنی کوششیں مزید تیز کریں، صحت و تعلیم میں تیسرے مرحلے کے حوالے سے خالی آسامیوں پر شفاف تعیناتی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کر دی گئی، شہریوں کو ماحول دوست تھیلوں کی ترغیب دی جائے، اشیاء خور و نوش کی قیمتوں پر نظر رکھی جائے، کھلی کچہریوں کا مقصد عوام سے براہ راست رابطہ اور مسائل کا فوری حل ہے۔
چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر کا مزید کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبے بنیادی سہولیات اور معیار زندگی بہتر بناتے ہیں، منصوبوں کی بروقت تکمیل سے روزگار، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ترقی ممکن ہے۔



