تمام محکمے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو فوری ایکٹیویٹ کریں، چیف سیکرٹری بلوچستان

Published On 29 November,2025 01:14 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ تمام محکمے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو فوری طور پر ایکٹیویٹ کریں تاکہ ترقیاتی کاموں کی تازہ ترین اپ ڈیٹس عوام تک پہنچائی جا سکیں۔

چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں دفاتر میں سٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو فعال کرنے کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں خالی آسامیوں پر شفاف تعیناتی اور ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب میں چیف سیکرٹری بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے، عوام کو صحت، تعلیم، پانی، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات بروقت میسر ہوں، تمام افسران اور ملازمین عوام کی خدمت کیلئے اپنے اپنے جائے تعیناتی پر موجود رہیں۔

انہوں نے کہا کہ فعال سوشل میڈیا سے حکومت اور عوام کے درمیان براہ راست رابطہ قائم ہوگا، ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلئے مانیٹرنگ اور ایویلوایشن سیکشن کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔

چیف سیکرٹری شکیل قادر کا مزید کہنا تھا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ صرف یقینی بنے گی بلکہ عوام کا صوبائی حکومت پر بھروسہ بھی بحال ہوگا، تمام سیکرٹریز متعلقہ محکموں میں خالی آسامیوں کو میرٹ پر پُر کریں۔