کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں صحت سہولیات کا ایسا جال بچھایا جو عالمی سطح پر مقابلہ کر سکتا ہے۔
ایس آئی یو ٹی شاہراہ فیصل کے نئے بلاک کا افتتاح کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جدید طبی سہولیات پر مشتمل ایس آئی یو ٹی کا نیا کیمپس عوام کے لیے کھول دیا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ادیب رضوی کا شکر گزار ہوں، کراچی، لاڑکانہ، سکھر میں ادیب رضوی کے ساتھ جاتا رہا ہوں، کراچی جو بھی آتے ہیں ان کو اس بلڈنگ کا معلوم ہے، ہمارے شہر کے ساتھ تاریخ جڑی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ فائیو سٹار ہوٹل کو فائیو سٹار صحت کی سہولت میں تبدیل کیا گیا ہے، صوبوں کے مسائل کے حوالے سے بحث و مباحثہ ہو رہا ہے، اٹھارویں ترمیم سے پہلے اور بعد سرکاری ہسپتالوں کی حالت سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج این آئی سی وی ڈی دنیا کے سب سے بڑے دل کے امراض کے مفت علاج کا نیٹ ورک ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں ایس آئی یو ٹی اہم منصوبہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صحت کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر مجھے فخر ہے، دنیا بھر میں رہنے والے اوورسیز فنڈنگ کرتے ہیں، ہم نے پورے صوبے میں صحت کا جال بچھایا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستانیوں کو مفت صحت کا علاج کروا رہے ہیں جس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی، پرائیویٹ پارٹنر شپ کے نتیجے میں ایس آئی یو ٹی جو کام اکیلے کرسکتا تھا وہ سب نے مل کرکیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ڈاکٹر ادیب رضوی کے ساتھ مل کر سرگودھا اور رحیم یار خان میں ایس آئی یو ٹی بنائے گی، لاڑکانہ کے لوگ مجھ سے یہ تاج محل ایس آئی یو ٹی دیکھ کرڈیمانڈ کرتے ہیں، انشاء اللہ جلد لاڑکانہ میں ایس آئی یو ٹی بنائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سائبر نائف کی ٹیکنالوجی سے مفت علاج عوام کو پہنچا رہے ہیں، دنیا بھر میں مہنگا ترین علاج ہے ہم مفت علاج کرواتے ہیں، ہمارا کام ہے غریب عوام کی مدد کرنا۔



