حیدر آباد: سی این جی فلنگ سٹیشن پر وین میں آتشزدگی، 8 مسافر زخمی

Published On 10 December,2025 04:08 am

حیدر آباد: (ویب ڈیسک) حیدر آباد میں سی این جی فلنگ سٹیشن پر وین میں آتشزدگی سے دھماکہ ہوگیا جس کے باعث 8 مسافر شدید زخمی ہوگئے۔

حیدرآباد بائی پاس پر واقع سی این جی فیلنگ سٹیشن پر اس وقت افرا تفری مچ گئی جب گیس فلنگ کے دوران کراچی سے آنے والی ایک مسافر وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور چند ہی لمحوں میں پوری گاڑی شعلوں کی لپیٹ میں آکر خاکستر ہوگئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے دوران ایک زوردار دھماکہ بھی سنائی دیا، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ سلنڈر پھٹنے سے ہوا، واقعہ کے فوراً بعد سی این جی گیس فلنگ سٹیشن کو خالی کرالیا گیا اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے میں مصروف ہوگئیں۔

ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ جس وقت آگ بھڑکی اُس وقت وین میں مسافر سوار تھے تاہم شعلے اٹھتے ہی بیشتر افراد اپنی مدد آپ کے تحت گاڑی سے نکل کر محفوظ مقام تک پہنچ گئے۔

8 مسافر جھلس کر زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا جبکہ سات زخمیوں کو پولیس موبائل کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔

پولیس کے مطابق ایک مسافر 40 فیصد جھلسنے کے باعث تشویشناک حالت میں ہے تاہم ڈاکٹرز نے باقی تمام زخمیوں کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔