کراچی: (دنیا نیوز) شہرِ قائد کے مرکزی کاروباری مرکز آئی آئی چندریگر روڈ پر کار کی موٹر سائیکل سے ٹکر کے نتیجے میں 2 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے موٹر سائیکل سوار دونوں افراد کار کی تیز رفتاری کا شکار ہوئے، اور حادثے کے بعد شدید زخمی ہو گئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
بدقسمتی سے ایک زخمی زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرے زخمی نے ہسپتال پہنچنے کے بعد طبی امداد کے دوران دم توڑ دیا، جاں بحق افراد کی ابتدائی شناخت علی اور زبیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔



