ایبٹ آباد: (دنیا نیوز) ایبٹ آباد میں لیڈی ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں پولیس کی تفتیشی ٹیم کی جانب سے تحقیقات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مرکزی ملزمہ ردا کی جانب سے مختلف ناموں سے بنائے گئے سولہ جعلی اکاؤنٹس منظرِ عام پر آ گئے ہیں۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ ردا نے مختلف اکاؤنٹس کے ذریعے 73 تولہ سونا جمع کروایا اور دو کروڑ روپے سے زائد کا قرض حاصل کیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جن افراد کے ناموں پر یہ زیورات جمع کروائے گئے، ان میں 8 اکاؤنٹس مردوں جبکہ سات اکاؤنٹس خواتین کے نام پر ہیں۔
مزید یہ بھی سامنے آیا ہے کہ مرکزی ملزمہ ردا نے اپنے نام پر زیورات کے عوض صرف 12 لاکھ روپے سے زائد کا قرض حاصل کر رکھا ہے۔
پولیس کی جانب سے معاملے کے تمام پہلوؤں پر باریک بینی سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔



