پشاور: (شہزادہ فہد) سنٹرل پولیس آفس (سی پی او) پشاور میں پولیس اہلکاروں کے داخلے کو تحریری اجازت سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے باقاعدہ سرکلر جاری کیا گیا ہے، سرکلر کے مطابق کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر رینک تک تمام پولیس اہلکاروں کیلئے موومنٹ آرڈر لازمی قرار دیا گیا ہے، بغیر تحریری موومنٹ آرڈر کے کسی بھی اہلکار کو سی پی او پشاور میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ موومنٹ آرڈر میں آنے کا مقصد اور وقت درج کرنا ہوگا، تاکہ سکیورٹی اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے، تمام پولیس یونٹس کو احکامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ عملدرآمد رپورٹ آئی جی آفس کو ارسال کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد سنٹرل پولیس آفس میں سکیورٹی مزید مؤثر بنانا اور غیر ضروری آمدورفت کو روکنا ہے۔



