اورنگی میں کھلاڑیوں نے گلی میں باکسنگ رنگ بنا ڈالا

Last Updated On 16 March,2018 04:01 pm

اورنگی ٹائون (دنیا نیوز ) اورنگی ٹائون کے علاقے فقیر کالونی میں نہ تو باکسنگ رنگ ہے اور نہ ہی مناسب سامان، لیکن گلی میں ہی سیکھ کر لڑکے نیشنل اور انٹرنیشنل باکسنگ کھیل رہے ہیں،اس پسماندہ علاقے کے نوجوانوں نے باکسر بننے کاشوق پورا کرنے کےلئے گلی کو ہی باکسنگ رنگ بنا ڈالا۔ گلیوں میں گلی ڈنڈا اورکرکٹ تو بہت دیکھ ہوگا فقیرکالونی کے لڑکے یہاں کچھ اور گیم کھیل رہے ہیں ۔

پنچنگ بیگ پر ٹکا ٹکا کر مکے مارتے یہ نوجوان کراچی کے علاقے اورنگی فقیر کالونی کے رہائشی ہیں جنہیں باکسنگ کا جنون کی حد تک شوق ہے۔ اس کھیل کو سیکھنے کیلئے نہ ان کے پاس وسائل ہیں نہ ہی کوئی رنگ، بس گلی کو ہی رنگ بنا ڈالا۔ بچے ہوں یا نوجوان گلی محلوں کے روایتی کھیل کرکٹ یا گلی ڈنڈا کے بجائے صرف باکسنگ پر محنت کرتے ہیں۔

ان لڑکوں کو اس وقت کامیابی ملی جب انہوں نے قومی اور عالمی سطح پر اپنا نام بنایا۔ نادر بلوچ باکسنگ کے انٹرنیشنل ایونٹس میں حصہ لے رہا ہے۔ گلی سے گزرتی گاڑیاں دھول مٹی اور موسم کی پروا کئے بغیر یہ نوجوان پریکٹس کر کے ملک کا نام روشن کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔