اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی کھیل تباہی کے دہانے پر، عالمی مقابلوں میں ٹیم کی ناقص کارکردگی اور مایوس کن نتائج، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے وزیراعظم سے مالی امداد مانگ لی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی طرف سے وزیراعظم سیکریٹریٹ کو لکھا گیا ہے، جس میں قومی ہاکی کے معیارکو بلند کرنے اور ملک میں ہاکی کے فروغ کے لیے 10 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ مانگی گئی ہے۔ ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ محدود گرانٹ سے انگلینڈ، ہالینڈ اورجرمنی کی ٹیموں سے مقابلہ نہیں کیا جاسکتا، دنیا میں ہاکی کی بنیادی ٹیکنیک میں تبدیلی آچکی ہے لیکن ہم پرانے فارمیٹ کے تحت ہاکی کھیلنے پرمجبور ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری شہباز احمد نے کہا کہ ہاکی کی پروموشن فنڈزکے بغیر ممکن نہیں۔ 10 کروڑ روپے کی گرانٹ سے ملک بھر میں ہاکی کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔