راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان میں پروفیشنل ریسلنگ سیزن ٹو کا آغاز 8 اگست سے ہو رہا ہے۔ رنگ آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو عاصم بخاری کہتے ہیں کہ سیزن ٹو ریسلنگ کے شائقین کے لیے بہترین مقابلے لائے گا۔ غیر ملکی ریسلرز کہتے ہیں کہ پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے۔
پاکستان میں پروفیشنل ریسلنگ سیزن ٹو کے آغاز کی تیاریاں مکمل، غیر ملکی ریسلرز ایک بار پھر شائقین کا لہو گرمانے پاکستان پہنچ گئے، مقابلے کراچی اور لاہور میں ہوں گے۔ چیف ایگزیکٹیو "رنگ آف پاکستان" عاصم بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے غیرملکی ریسلرز ٹائنی آئرن، بادشاہ خان اور خاتون ریسلر ریبل نے کہا کہ ایسا کھیل دکھائیں گے کہ ریسلنگ کے دلدادہ مدتوں یاد رکھیں گے۔
دوسری جانب کھلاڑیوں نے راولپنڈی میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق رنگ آف پاکستان کے مقابلوں کا انعقاد پاک فوج کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔ مقابلوں کا مقصد ملک میں کھیلوں کا فروغ اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کی پرامن پاکستان آمد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔