کراچی: (دنیا نیوز) چیف آف دی نیول اسٹاف ایشین اوپن گالف چیمپئن شپ 27 ستمبر تا 14 اکتوبر 2018 کراچی گالف کلب میں کھیلی جارہی ہے۔
چیمپیئن شپ دو مراحل پر مشتمل ہے، پہلے مرحلے میں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 27 تا 30 ستمبر جب کے دوسرے مرحلے میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایشین اوپن گالف چیمپئن شپ 10 تا 14 اکتوبر کو کراچی گالف کلب میں کھیلی جائے گی، جس میں 11 سال بعد انٹرنیشنل گالف کی پاکستان واپسی ہوگی۔ اس بات کا اعلان پیٹرن پی این گالف کموڈور مشتاق احمد ستار امتیاز ملٹری نے ایک میڈیا بریف کے دوران کیا جو آج کراچی گالف کلب میں منعقد کی گئی۔ کمانڈنٹ پی این ایس جوہر، رئیر ایڈمرل عدنان خالق، کے چیف ایگزیکٹو سہیل شمس اور تعاون کرنے والے دیگر اداروں کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چیمپیئن شپ کے دوران پروفیشنلز، سیمی پروفیشنلز، امیچرز، ویٹرنز، جونئیرز اور لیڈیز کی کیٹٹیگریز کے مقابلے منعقد ہوں گے۔ پروفیشنلز اور امیچرز کیٹٹیگریز کے مقابلے 72 ہولز پر مشتمل ہوں گے جو چار روز تک جاری رہیں گے جس کے لیے 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ علاوہ ازیں پہلے اور دوسرے ہال ان ون کے لیے سوزوکی سیاز کاراور گالف سیٹ کے انعامات مختص کیے گے ہیں۔ مزید برآں تمام کیٹٹیگریز کے لیے دیگر کئی انعامات رکھے گئے ہیں۔
وطنِ عزیز کی بحری سرحدوں کی حفاظت کے بنیادی فریضے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ نے سماجی بہبود، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی ہمیشہ ایک موثر کردار ادا کیا ہے۔ ان اہم ذمہ داریوں کے علاوہ پاکستان نیوی نے مختلف کھیلوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان نیوی نے انٹر سروسز، قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں بالخصوص کشتی رانی، شوٹنگ، اسکواش، ہاکی، کرکٹ اور گالف کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان نیوی ملک کے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی اہمیت سے ہمیشہ آگاہ رہی ہے اور بلاشبہ اپنی ان کاوشوں پر فخر کرسکتی ہے جو اس نے قومی کھیل ہاکی کو پھر سے مقبول بنانے کے لیے کی ہیں۔ دیگر کھیلوں کے علاوہ گالف بھی ان کھیلوں کی فہرست میں شامل ہے جن کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کام کررہی ہے۔
پاکستان نیوی نے 1995ء میں پاکستان گالف فیڈریشن کے کیلنڈر میں قومی سطح کی ایک اور گالف چیمئین شپ کے اضافے کے لیے چیف آف نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ کا آغاز کیا۔ اس وقت سے یہ چیمپئن شپ قومی گالف سرکٹ کا باقاعدہ اور اہم حصہ بن چکی ہے۔ چیمیئن شپ کا باقاعدہ انعقاد اس کھیل کو قومی سطح پر فروغ دینے کے حوالے سے پاکستان نیوی کے عزم کا مظہر ہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایشین اوپن گالف چیمپئن شپ پاکستان کا مثبت تاثر قائم کرنے اور دنیا کے سامنے پاکستان کو ایک امن پسند اور کھیلوں سے محبت کرنے والے ملک کے طور پر پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔