لاس ویگس: (دنیا نیوز) لاس ویگس میں باکسنگ کا ہیوی ویٹ مقابلے میں وحشیانہ مار کٹائی کے بعد پوائنٹس پر فیصلہ ہوا۔ شدید زخمی ہونے والے ٹائیسن فیوری جیت گئے۔ اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کرنے کے ساتھ ہی اگلے حریف وِلڈر کو بھی للکار دیا۔
ٹی ارینا کے باکسنگ رِنگ میں ہیوی ویٹ ٹائٹل کیلئے برطانیہ کے چیمپئن ٹائسن فیوری اور اوٹو ویلن کا زبردست مقابلہ ہوا۔
باؤٹ کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا۔ پہلا راؤنڈ دس نو سے اوٹو ویلن نے جیت لیا۔ دوسرے تیسرے بلکہ چوتھے پانچویں میں بھی چیمپئن ٹائسن فیوری کی برتری رہی۔
لڑائی کے دوران آنکھ پر مکا لگنے سے فیوری شدید زخمی ہو گئے لیکن اس کے باوجود برطانوی باکسر نے خوب ہمت اور دلیری دکھائی، ہار نہ مانے بلکہ کم بیک کیا اور چھا گئے۔
بارہویں اور آخری راؤنڈ میں نوجوان اوٹو ویلن کا پلہ بھاری رہا۔ انہوں نے اپنے مخالف پر تابڑ توڑ حملے کیے۔
مقابلے کے اختتام پر ریفریز نے پوائنٹس کی بنیاد پر ٹائی سن فیوری کو فاتح قرار دیا۔ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ کے اعزاز کے کامیاب دفاع پر جوشیلے فائٹر نے ڈونٹے وِلڈر کو بھی بڑا چیلنج کر دیا۔